لاہور(نیا محاذ)بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ میں نااہلی اور پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کیخلاف درخواستوں پرالیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالتی دائرہ اختیار کا اعتراض عائد کردیا،وکیل الیکشن کمیشن نے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں یہ کیس پہلے ہی سماعت کیلئے مقرر ہے، لاہور ہائیکورٹ اس کیس پر دائرہ اختیار نہیں رکھتی۔نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ میں نااہلی اور پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کیخلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی،جسٹس شمس محمود مرزا کی سربراہی میں 5رکنی لارجر بنچ نے سماعت کی،الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالتی دائرہ اختیار کا اعتراض عائد کردیا،وکیل الیکشن کمیشن نے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں یہ کیس پہلے ہی سماعت کیلئے مقرر ہے، لاہور ہائیکورٹ اس کیس پر دائرہ اختیار نہیں رکھتی۔ جسٹس شاہد کریم نے کہاکہ آپ اہم کیس میں دلائل دے رہے ہیں، مکمل آرگنائزڈ ہونا چاہئے تھا،آپ کو تمام عدالتی فیصلوں کی کاپی بنا کر تمام ججز کو دینی چاہئے تھی،جسٹس شمس محمود مرزا نے کہاکہ آپ کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست کا کیا بنا، بیرسٹر علی ظفر نے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست واپسی کی استدعا کی تاہم درخواست مسترد کردی گئی، جسٹس شاہد کریم نے کہاکہ درخواستگزار نہیں چاہتا اس کا کیس سنا جائے تو عدالت کیوں سننے پر مصرہے،درخواستگزار کی مرضی ہے کیس اسلام آباد ہائیکورٹ سنے یا لاہور ہائیکورٹ،عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو عدالتی دائرہ اختیار پر مزید دلائل دینے کی ہدایت کردی ۔
0