0

ایران نے دوبارہ حملہ کیا تو اسرائیل کو جوابی کارروائی سے نہیں روک سکیں گے: امریکا کی وارننگ

واشنگٹن (نیا محاذ)امریکا نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ ایران اسرائیل پر ایک اور حملہ نہ کرے۔
امریکی حکام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے اسرائیل پر حملہ کیا تو اسرائیل کو جوابی کارروائی سے نہیں روک سکیں گے۔امریکی میڈیا نے کچھ روز قبل خبر دی تھی کہ ایران 5 نومبر کو ہونے والے امریکی صدارتی الیکشن سے قبل اسرائیل پر حملہ کرسکتا ہے۔
گزشتہ روز بھی ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف اقدامات پر امریکا و اسرائیل کو سخت جواب ملے گا۔
تہران میں ایک تقریب میں ان کا کہنا ہے کہ امریکا اور صیہونی حکومت سمیت دشمنوں کو جان لینا چاہئے کہ بلاشبہ وہ ایران اور مزاحمتی محاذ کے خلاف جو کچھ کریں گے، اس کا انہیں منہ توڑ جواب ملے گا۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران پر حالیہ حملوں کے بعد ایران میں کسی بھی ہدف کو نشانہ بنانا ممکن ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں