اسلام آباد (نیا محاذ )پیرس اولمپکس میں پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوانے والے جیولین تھرور ارشد ندیم نے اپنی انعامی رقم کے حوالے سے تفصیلات بتائی ہیں۔
ارشد ندیم کے اس اعزاز کے بعد ان کے لئے نہ صرف حکومتِ پاکستان بلکہ صوبائی حکومتوں سمیت کئی نجی اداروں نے انعامات کے اعلان کئے، ایتھلیٹ کے لئے اعلان کی گئی انعامی رقم مجموعی طور پر کروڑوں میں تھی۔
اب حال ہی میں ارشد نے اپنے کوچ سلمان بٹ کے ہمراہ نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام ہنسنا منع ہے میں شرکت کی۔
دوران گفتگو پروگرام کے حاضرین نے ارشد سمیت ان کے کوچ سے دلچسپ سوالات کئے، جس میں سے ایک شخص نے قومی ایتھلیٹ سے پوچھا کہ حکومت یا پرائیویٹ اداروں کی طرف سے جن انعامات کا اعلان ہوا تھا، کیا آپ کو وہ سب واقعی ملے؟
میزبان تابش ہاشمی نے سوال سنتے ہی کہا کہ ہاں یہ ایک اہم سوال ہے، پوری قوم گنتی کر رہی تھی کہ ارشد ندیم کو ملنے والی انعامی رقم کتنی ہوگئی، میرے مطابق یہ رقم 80 یا 90 کروڑ کے قریب تھی۔
جواب میں قومی ایتھلیٹ نے ہنستے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں کی بات کروں تو الحمداللہ ان کی طرف سے اعلان کی گئی تمام رقم مل گئی ہے اور میرے خیال میں جو پرائیویٹ ادارے ہیں وہ رہ گئے ہیں، انہوں نے رقم اب تک نہیں دی، کچھ نجی اداروں نے دے دیا ہے جبکہ کچھ رہ گئے ہیں۔
0