0

کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں نے ملک کی ترقی میں اپنا بھر پور حصہ ڈال کر اپنی اہمیت منوائی: وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو

دبئی (نیامحاذ) وزیر اعظم کینیڈا جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں نے کینیڈا کی ترقی میں اپنا بھر پور حصہ ڈال کر اپنی اہمیت منوائی ہے جبکہ سیاست کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ شفقت علی تمام پاکستانیوں کے لئے ایک روشن مثال ہیں انہوں نے ان خیالات کا اظہار وفاقی رکن پارلیمنٹ شفقت علی کی طرف سے ان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
کینیڈا میں مقیم ممتاز پاکستانی بزنس مین اور ڈائریکٹر سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ چودھری محمد جاوید بطور خاص تقریب میں موجود تھے۔ مہمان خصوصی وزیر اعظم کینیڈا جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ کینیڈا کی حکومت اور عوام ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کینیڈا ایک ایسا ملک ہے جہاں ہر کسی کے پاس کامیاب ہونے کا حقیقی اور منصفانہ مواقع موجود ہے جبکہ جی سیون ممالک میں ہماری معیشت انتہائی مضبوط ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا لبنان اور غزہ میں سیز فائر کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
تقریب کے میزبان شفقت علی نے تقریب میں تشریف لانے پر وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کا شکریہ ادا کیا اور ان کی قیادت میں کینیڈا میں ہونے والی ترقی و خوشحالی کا تفصیل سے ذکر کیا اور انہیں یقین دلایا کہ وہ اپنے پاکستانی بہن بھائیوں کے تعاون سے کینیڈا کی تعمیرو ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔بعد ازاں وزیر اعظم ا جسٹن ٹروڈو نے تمام مہمانوں سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان کا حال احوال پوچھا۔ ڈائریکٹر سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ چودھری محمد جاوید نے انہیں یہ بتایا کہ وہ اپنی مددآپ کے تحت دنیا کی تاریخ کے اولین کمیونٹی ائرپورٹ کے بانی ڈائریکٹروں میں شامل ہیں اور کینیڈا میں اپنا ذاتی کاروبار بھی کرتے ہیں اور یہاں اپنے شہریوں کو دی جانے والی سہولتوں سے بھر پور استفادہ کر رہے ہیں تو وزیر اعظم بڑے خوش ہوئے اوران کی طرف سے نیک خیالات پر ان کا دلی شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں