راولپنڈی(نیا محاذ)انگلینڈ نے فیصلہ کن پنڈی ٹیسٹ میچ میں پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے، دونوں ٹیموں نے ملتان میں ایک ایک میچ جیت رکھا ہے، یہ فیصلہ کن ٹیسٹ میچ جیتنے والی ٹیم ٹرافی اٹھائے گی۔انگلش ٹیم کے کپتان بین سٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گرین شرٹس کے خلاف پہلی اننگز میں بڑا سکور کھڑا کریں اور حریف ٹیم کو پریشر میں لیکر آئیں۔اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ ٹاس ہمارے ہاتھ میں نہیں ہوتا، ٹاس جیت کر ہم بھی پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیع دیتے تاہم کوشش ہوگی ابتدا میں سپنرز کے ذریعے اٹیک کر کے انگلش بیٹرز کی جلد وکٹیں حاصل کریں۔
تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کیلئے قومی سکواڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، ملتان میں انگلینڈ کیخلاف دوسرا ٹیسٹ میچ جیتنے والی ٹیم ہی میدان میں اتری ہے، راولپنڈی ٹیسٹ میں بھی قومی ٹیم 3 سپیشلسٹ سپنرز نعمان علی، زاہد محمود اور ساجد خان کے ساتھ کھیل رہی ہے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں کپتان شان مسعود، نائب کپتان سعود شکیل، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان، کامران غلام، سلمان علی آغا، عامر جمال، نعمان علی، زاہد محمود اور ساجد خان شامل ہیں۔
انگلینڈ نے بھی تیسرے ٹیسٹ میچ کیلئے ریحان احمد، جیک لیچ اور شعیب بشیر کو بطور سپیشلسٹ سپنرز ٹیم میں شامل کیا ہے، ان کے علاوہ کپتان بین سٹوکس، زیک کرالی، بین ڈکٹ، اولی پاپ، جو روٹ، ہیری بروک، جمی سمتھ، فاسٹ باؤلر گِس ایٹکنسن پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔