0

خیبرپختونخوا کے17 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ شروع

پشاور(نیا محاذ)خیبرپختونخوا کے17 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ شروع ہوگئی ہے۔ نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن کے مطابق پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرک، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کولائی پالس، سوات، شانگلہ، بونیر، دیر لوئر اور باجوڑ میں بھی ضمنی بلدیاتی انتخابات ہورہے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 45 ہزار، 604 ہے جبکہ ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے صوبے میں 260 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق 53 ویلج و نیبرہڈ کونسلز کی 54 خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات ہورہے ہیں، پشاور کی 5 ویلج کونسلز میں ضمنی انتخابات کیلئے 13 امیدوار میدان میں ہیں، پولنگ کا عمل آٹھ بجے سے پانچ بجے تک جاری رہے گا۔ کمیشن کے مطابق صوبہ بھر میں ضمنی بلدیاتی الیکشن کے لیے 6500 سے زیادہ اہلکار تعینات ہیں جبکہ پشاور میں 800 سے زیادہ اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں