0

بڑوں کی بیٹھک، آئینی ترمیم پر ن لیگ، پی پی اور جے یو آئی میں اتفاق رائے ہوگیا

لاہور(نیا محاذ) 26 ویں آئینی ترامیم پر سیاسی جماعتوں کے درمیان مشاورت کا عمل رات گئے تک جاری رہا، پاکستان مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور جمعیت علما اسلام کے درمیان مشترکہ مسودے پر اتفاق رائے ہوگیا۔ نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق 26 ویں آئینی ترمیم پر اتفاق رائے کے حوالے سے جاتی امرا میں مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کی میزبانی میں سیاسی جماعتوں کے قائدین کی اہم بیٹھک ہوئی، جس میں مولانا فضل الرحمان، وزیراعظم شہباز شریف اور صدر زرداری شریک ہوئے۔مولانا فضل الرحمان جے یو آئی، صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری پیپلزپارٹی کے وفد کے ہمراہ جاتی امرا پہنچے۔ ذرائع کے مطابق جاتی امرا میں نواز شریف اور شہباز شریف کی پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے ان کی ملاقات ہوئی، پھر مولانا فضل الرحمان سے ن لیگ کے وفد کی ایک گھنٹے سے زائد مشاورت ہوئی۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جے یوآئی آئینی ترمیم پر مشاورت کیلئے پی پی سے ملے گی، پی پی سے مجوزہ آئینی ترمیم پر اتفاق رائے کیا تھا، نوازشریف نے عشائیے میں دعوت دی تھی، صدر زرداری بھی آئے تھے۔فضل الرحمان نے اعلان کیاکہ عدلیہ سے متعلق اصلاحات پر اتفاق رائے کرلیا ہے، دیگر مجوزہ ترامیم پر بھی مشاورت کریں گے، ابتدائی ترمیم کو مسترد کیا تھا، اسے آج بھی مسترد کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں