ممبئی(نیا محاذ) بگ باس 17 کے فاتح اور مشہور کامیڈین منور فاروقی کا گینگسٹر لارنس بشنوئی کی ہٹ لسٹ میں شامل ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بشنوئی گینگ نے این سی پی کے ایم ایل اے بابا صدیقی کے ساتھ منور فاروقی کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ یہ حملہ ستمبر میں دہلی میں منور کے ایک ایونٹ کے دوران کیا جانا تھا، لیکن بروقت معلومات ملنے پر سازش ناکام بنا دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق بشنوئی گینگ کے دو افراد نے منور فاروقی کا پیچھا کرتے ہوئے ان کے ساتھ ایک ہی فلائٹ بک کی اور ان کے ہوٹل میں بھی کمروں کا انتظام کیا تاکہ ان پر حملہ کیا جا سکے۔ خوش قسمتی سے، انٹیلیجنس ایجنسیوں کو بروقت اطلاع ملی اور منور کی حفاظت کو مزید سخت کردیا گیا۔ کامیڈین کو فوری طور پر دہلی سے ممبئی واپس منتقل کر دیا گیا۔حملے کی ناکامی کے باوجود، منور فاروقی کی زندگی کو خطرہ بدستور قائم ہے۔ بابا صدیقی کے قتل کے بعد ممبئی پولیس نے منور فاروقی کی سکیورٹی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ بابا صدیقی کو 12 اکتوبر کو باندرہ ایسٹ میں قتل کیا گیا تھا، اور بشنوئی گینگ نے اس قتل کی ذمہ داری قبول کی تھی۔