اسلام آباد (نیا محاذ) انرجی ٹاسک فورس آئی پی پیز سے ڈیل کے قریب پہنچ چکی ہے اور جلد اچھی خبر متوقع ہے جبکہ حکومت 2025 تک تین تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کرے گی۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق توانائی پر پاکستان کی ٹاسک فورس انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے ساتھ مذاکرات مکمل کرنے کے قریب ہے۔ سیکرٹری پاور ڈویژن فخر عالم عرفان نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پاور کو آگاہ کیا کہ آئی پی پیز کے ساتھ زیادہ تر بات چیت مکمل ہو چکی ہے، جلد ہی ایک اعلان متوقع ہے۔
فخر عالم عرفان نے بریفنگ کے دوران کہا کہ ہم قانونی طور پر پابند ہیں اور ریلیف کے لیے یکطرفہ کارروائی نہیں کر سکتے تاہم اہم پیش رفت ہوئی ہے، جاری بات چیت میں کچھ آئی پی پیز کو مکمل طور پر بند کرنے کی تجاویز شامل ہیں جبکہ دیگر 10 سال تک کی فعال زندگی کے ساتھ کنٹریکٹ میں توسیع دیکھ سکتے ہیں جس کا مقصد صارفین پر بوجھ کم کرنا ہے۔
پاور ڈویژن کے اسپیشل سیکرٹری، جو کہ ٹاسک فورس کے رکن بھی ہیں، نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ ہم ابھی تک ٹاسک فورس کے نتائج کو عوامی طور پر ظاہر نہیں کر سکتے لیکن دو ہفتوں میں ہم اچھی خبر سنیں گے۔یہ ملک کے مسائل سے دوچار پاور سیکٹر کے لیے ممکنہ ریلیف کا اشارہ دیتا ہے جو طویل عرصے سے نااہلیوں اور زیادہ لاگت کی وجہ سے رکاوٹ ہے۔
فخر عالم عرفان نے کمیٹی کو بتایا کہ 2025 میں حکومت تین تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا ارادہ رکھتی ہے، ان میں گیپکو، فیسکو اور آئیسکو شامل ہیں، لیسکو، میپکو اور ہیزیکو سمیت تین دیگر کی ایک سے تین سال کے اندر دوسرے مرحلے میں نجکاری کی جائے گی۔