اسلام آباد(نیا محاذ )وفاقی حکومت نے رائٹ سائزنگ اقدامات کے تحت مزید کئی اداروں کی نجکاری کرنے کا نیاپلان تیار کرلیا۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مزید مختلف اداروں کی نجکاری سے متعلق پلان پرعمل درآمد کے لئے وزارت نجکاری اور وزارت صنعت و پیداوار کو ٹاسک دیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزارت صنعت و پیداوار کے ادارے پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی اور پاکستان آٹوموبیل کارپوریشن کی نجکاری کرنے کیلئے نشاندہی کی گئی ہے۔ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ، کھادی کرافٹس ڈویلپمنٹ کمپنی، ایگروفوڈ پروسیسنگ، لیدرکرافٹس ڈویلپمنٹ کمپنی، مور افیکو انڈسٹریز، سدرن پنجاب ایمبروائڈری انڈسٹری اور گوجرانوالہ بزنس سینٹرکی نجکاری کرنے کی تجاویز تیار کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کیمیکل اینڈ انرجی سیکٹر سکلز ڈویلپمنٹ کمپنی اور سپن یارن ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کی نجکاری کرنےکا پلان بھی بنایا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی پہلی ترجیح ان اداروں کی نجکاری ہوگی اوردوسرے آپشن کے طور پر ان اداروں کو ختم کرنا بھی پلان کا حصہ ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کاحجم اور اخراجات کم کرنے کے لئے مختلف تجاویز پر عمل درآمد ہورہا ہے جس میں اداروں کو بند، اداروں کی نجکاری اور اداروں کوضم کرنے سمیت دیگر اقدامات شامل ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں اعلیٰ اختیاراتی رائٹ سائزنگ کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے، وفاقی حکومت، رائٹ سائزنگ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں مختلف فیصلے کر رہی ہے۔
0