0

جواری نے اپنے چچا کی قبر کھود کر ہڈیاں چوری کر لی ہیں لیکن کیوں ؟ حیران کن انکشاف

ہنوئی (نیا محاذ) ویتنام میں ایک شخص نے اپنے چچا کی قبر کھود کر کھوپڑی اور ہڈیاں چوری کرلیں۔غیر ملکی میڈیارپورٹ کے مطابق، 37 سالہ لو تھاننام نامی شخص نے جوئے میں ہارے ہوئے پیسوں کی ادائیگی کے لیے مردے کے خاندان سے 5 بلین ویتنامی ڈونگ (تقریباً 2 لاکھ 30 ہزار امریکی ڈالرز) وصول کرنے کی کوشش کی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 9 ستمبر کو شمالی ویتنام کے تھانہوا صوبے سے تعلق رکھنے والے ملزم نے بیلچے کی مدد سے اپنے چچا کی قبر کو 20 سینٹی میٹر تک کھودا اور لاش کی کچھ باقیات کو نکال کر قریبی کوڑے کے ڈھیر میں چھپا دیا۔مقامی میڈیا کے مطابق، جس شخص کی قبر کھودی گئی تھی اس کی موت 4 سال پہلے ہوئی تھی۔لاش کی باقیات چوری کرنے کے بعدملزم نے مرنے والے کی بیوی کو نامعلوم نمبر سے دھمکی آمیز پیغام بھیجا، جس میں کہا گیا کہ ہڈیوں کی واپسی کے لیے پیسے ادا کیے جائیں اور اگر پولیس سے رابطہ کیا گیا تو وہ لاش کی باقیات کو کبھی بھی حاصل نہیں کر پائیں گی۔خاتون نے دھمکی آمیز پیغام موصول ہونے کے بعد قبر کا معائنہ کیا تو تابوت میں سوراخ دیکھ کر فوری طور پرحکام کو مطلع کیا۔ تفتیش کے بعد12 ستمبر کو ملزم کو گرفتارکرلیا گیا، جس نے جرم کا اعتراف کر لیا اور اس کی وجہ بھی بتائی۔پولیس نے چوری کی گئی ہڈیاں برآمد کر کے خاندان کو واپس کردیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق، ویتنام میں روایات کے مطابق قبر کی بے حرمتی یا نقصان پہنچانے کو بہت برا سمجھا جاتا ہےاور یہ خیال کیا جاتا ہے کہ اس سے میت کی روح کو بے چینی ہو سکتی ہے، جس کا اثر زندہ لوگوں پر بھی پڑ سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں