0

لبنان پر اسرائیل کے تابڑ توڑ حملے، جاں بحق افراد کی تعداد 492 ہوگئی، حزب اللہ کے بھی جوابی وار

بیروت (نیا محاذ)لبنان پر اسرائیلی حملوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 492 ہوگئی جبکہ 1645 افراد زخمی ہو گئے۔
لبنان کی وزرات صحت کے مطابق جاں بحق افراد میں 38 بچے اور 58 خواتین شامل ہیں۔لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کا کہنا تھا کہ بیروت پر اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے سینئر کمانڈر علی کرکی محفوظ رہے۔
لبنان پر اسرائیلی حملوں کے جواب میں کارروائی کرتے ہوئے حزب اللہ نے بھی اسرائیل پر 200 کے قریب راکٹ داغ دیے۔حزب اللہ کی جانب سے شمالی علاقے کی اسرائیلی فوجی چوکیوں اور حیفہ شہر میں رافیل ڈیفنس انڈسٹری کمپلیکس کو نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب لبنان اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے بعد امریکا نے مشرق وسطیٰ میں موجود 40 ہزار امریکی فوجیوں کی تعداد میں اضافے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ادھر لبنان پر اسرائیلی حملوں کے بعد مصر نے آج سے بیروت آنے اور جانے والی پروازیں منسوخ کر دیں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی جنگی طیاروں نے صرف آدھے گھنٹے میں لبنان کے شہر نبطیہ پر 80 فضائی حملے کیے جس میں حزب اللہ کے اہداف پر حملوں کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیل کی جانب سے کیا گیا حملہ غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد اب تک کا سب سے بڑا فضائی حملہ تھا جس میں اسرائیل نے لبنان کے شمالی اور جنوبی حصے پر ایک وقت میں حملہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں