0

امریکی شہری 20 سال سے پڑوسی کا بل اپنا سمجھ کر بھرتا رہا

واشنگٹن (نیا محاذ)یوٹیلیٹی بل بجلی اور گیس کا ہو یا پانی کا، ان کی ادائیگی ہماری جیب پر کافی گراں گزرتی ہے تاہم اگر آپ کو پتہ چلے کہ آپ سالوں سے اپنا نہیں بلکہ کسی اور کا بجلی کا بل ادا کر رہے ہیں تو آپ پر کیا گزرے گی!
ایسا ہی ہوا امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ایک شہری کے ساتھ جب ایک دن انکشاف ہوا کہ وہ 20 سال سے اپنے پڑوسی کے گھر کا بجلی کا بل ادا کر رہا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق کین ولسن نامی شخص نے محسوس کیا کہ اس کا بجلی کا بل کچھ زیادہ ہی آرہا ہے جس پر اس نے بجلی بچانے کے لئے اقدامات کئے اور اسی دوران انکشاف ہوا کہ وہ غلط بل ادا کر رہا ہے۔
ولسن کے مطابق بجلی کا بل غیر معمولی طور پر زیادہ آنے پر اس نے بجلی کی بچت کرنا شروع کی تاہم پھر بھی بل میں فرق نہیں پڑا تو اس نے مزید تحقیق کی جس پر پتہ چلا کہ وہ تو اپنے پڑوسی کا بل بھر رہا ہے۔
بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کی جانب سے ولسن کو بتایا گیا کہ ایسا بجلی کے میٹر غلط جگہ لگنے کی وجہ سے ہوا ہے۔
غلطی سامنے آنے پر بجلی فراہم کرنے کی ذمہ دار کمپنی نے ولسن سے معذرت کی ہے اور کہا ہے کہ وہ اس کا ازالہ کرے گی۔
اس حوالے سے ولسن کا کہنا تھا کہ میرا مسئلہ تو حل ہوگیا لیکن امید ہے کہ کسی اور کے ساتھ ایسا نہیں چل رہا ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں