0

ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ کا امتحان، موبائل و انٹرنیٹ سروس معطل

لاہور ( نیا محاذ) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام ملک بھر میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں داخلے کیلئے تحریری امتحان آج منعقد ہو رہا ہے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق پنجاب کے 12 شہروں میں قائم کردہ 26 امتحانی مراکز میں ہزاروں امیدوار امتحان میں شریک ہونگے۔
پنجاب کے اضلاع لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، ساہیوال، راولپنڈی، سرگودھا، گجرات اور رحیم یار خان میں امتحانی مراکز کے 500 میٹر کی حدود میں امتحان ختم ہونے تک موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل رہے گی۔
صدر پی ایم ڈی سی کے مطابق امتحانی عمل کے دوران دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، امتحانی مراکز کی نگرانی کے لئے جدید سرویلنس ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے، امیدوار غیر اخلاقی رویے سے گریز کریں، نقل پر سخت سزا دی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب میں ایم ڈی کیٹ امتحان کے لئے 82 ہزار 500 طلبہ رجسٹرڈ ہیں، سندھ میں 38 ہزار 678 طلبہ، کے پی کے میں 42 ہزار 329 طلبہ، بلوچستان میں 5 ہزار 806، اسلام آباد میں 18 ہزار 408، آزاد کشمیر میں 3 ہزار145، گلگت بلتستان میں 739 طلبہ نے ایم ڈی کیٹ کے لئے اندراج کرایا، اسی طرح ایم ڈی کیٹ امتحان میں 259 بین الاقوامی طلبہ بھی حصہ لیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایم ڈی کیٹ کے امیدواروں کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیارے بچو میری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں، محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی، آپ انشاءاللہ کامیاب ہوں گے۔مریم نواز نے پنجاب بھر میں امتحانی مراکز میں بہترین انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی اور امتحانی مراکز کی سکیورٹی کی کڑی نگرانی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی کیٹ کے امیدواروں کو دوران امتحان کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں