0

پشاور: اچینی بالا میں گھر پر دستی بم حملہ، سابقہ دشمنی کا شُبہ

پشاور (نیا محاذ): شہر کے علاقے اچینی بالا میں ایک گھر پر رات گئے دستی بم حملہ کیا گیا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکے سے گھر کے شیشے ٹوٹ گئے اور دیواروں کو جزوی نقصان پہنچا۔ دھماکے کے بعد بم ڈسپوزل یونٹ (بی ڈی یو) کو طلب کیا گیا تاکہ جائے وقوعہ کا معائنہ کیا جا سکے اور دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا سکے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ موقع سے اہم شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔
متاثرہ گھر کے مالک نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ ان کی کچھ افراد سے پرانی دشمنی چلی آ رہی ہے، جس کی روشنی میں پولیس مشتبہ افراد کی تلاش میں مصروف ہے۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ اس واقعے نے علاقے میں خوف کی فضا پیدا کر دی ہے، اور وہ جلد از جلد ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں