کرک (نیا محاذ): خیبر پختونخوا کے ضلع کرک کے علاقے تخت نصرتی، نارہ بانڈہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں گھریلو تنازع پر بھائی نے طیش میں آ کر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں خاتون، بچہ اور ایک مرد موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعے میں فائرنگ کرنے والا شخص مقتولین کا قریبی رشتہ دار تھا، جو کسی گھریلو جھگڑے پر شدید غصے میں آیا اور پے درپے گولیاں برسا دیں۔ گولیاں لگنے سے اس کا اپنا بھائی، بھاوج اور کمسن بھتیجا جاں بحق ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے کر ناکہ بندی کر دی اور ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ نہایت افسوسناک ہے اور محض ایک گھریلو معاملے پر تین قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں، جس نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے۔
