کراچی (نیا محاذ): شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری، کراچی کی 106 مرکزی سڑکوں میں سے 32 سڑکوں پر پارکنگ اب مکمل طور پر مفت کر دی گئی ہے۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی (KMC) نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، جس کے تحت مختلف اضلاع میں مخصوص مقامات پر پارکنگ فیس ختم کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع جنوبی میں 3، ضلع کیماڑی میں 2، ضلع وسطی میں 5، ملیر اور کورنگی میں 7، جبکہ ضلع شرقی میں 15 مقامات ایسے ہیں جہاں اب شہری بغیر کسی فیس کے اپنی گاڑیاں پارک کر سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ضلع شرقی کی اہم شاپنگ اور کمرشل سڑکوں پر بھی فری پارکنگ کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔ ایم اے جناح روڈ پر جیلانی سینٹر، موبائل مارکیٹ، ناز پلازہ، آمنہ ٹاور، کوثر میڈیکو سے ایم ڈبلیو ٹاور تک، کے پی ٹی گیٹ نمبر 1 سے شیل پمپ تک، شارجہ مال سے کوہ نور ہال حب ریور روڈ تک پارکنگ اب مفت ہو گی۔
ضلع وسطی میں بھی ہارون شاپنگ مال، سرینا مارکیٹ، لیاقت آباد سپر مارکیٹ سے نمبر 10 ایس ایم توفیق روڈ، چیز سپر اسٹور شاہراہ پاکستان، سینٹرم شاپنگ مال راشد منہاس روڈ، کفایہ اور اومیگا مال نارتھ کراچی جیسے مقامات پر بھی مفت پارکنگ دستیاب ہوگی۔
حکام کے مطابق یہ اقدام شہریوں کی سہولت کے لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ عوام غیر ضروری مالی بوجھ سے بچ سکیں اور شہر میں پارکنگ کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔
یاد رہے کہ ان 32 فری پارکنگ زونز کے علاوہ 11 وال باؤنڈری پارکنگ ایریاز میں فیس برقرار رکھی گئی ہے۔
