0

کراچی میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار، اسلام آباد و راولپنڈی میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب

کراچی (نیا محاذ): شہر قائد میں صبح کے اوقات میں مختلف علاقوں میں ہلکی بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا، گرمی کی شدت میں کمی آنے سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں مطلع ابر آلود اور موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ چند علاقوں میں مزید بوندا باندی بھی ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا۔ ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصد ہے جبکہ سمندری ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔
مزید یہ کہ محکمہ موسمیات نے 5 جولائی سے سندھ میں مون سون کے نئے سسٹم کے اثرات کا امکان ظاہر کیا ہے، جس کے نتیجے میں بارشوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات گئے موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، جس کے بعد واسا نے رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ واسا راولپنڈی کے ایم ڈی محمد سلیم اشرف کے مطابق تمام عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ فیلڈ میں موجود ہے اور نکاسی آب کا عمل تیز رفتاری سے جاری ہے۔
اسلام آباد میں بارش کی وجہ سے فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا ہے، جہاں 5 پروازوں کی آمد و روانگی میں تاخیر ہوئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں