0

پشاور ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ: مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کو حلف لینے سے روک دیا گیا

پشاور: (نیا محاذ – ذیشان کاکاخیل) پشاور ہائیکورٹ نے ایک اہم فیصلے میں صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والے ارکان کو حلف لینے سے روک دیا ہے۔ یہ فیصلہ پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر کیا گیا۔
جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل سلطان محمد خان ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کی تقسیم میں درست کیلکولیشن نہیں کی۔
عدالت میں جسٹس ارشد علی نے استفسار کیا کہ کیا مخصوص نشستوں کے لیے فہرست جمع کرائی گئی تھی؟ وکیل نے بتایا کہ جی ہاں، پی ٹی آئی پارلیمنٹرین نے فہرست جمع کروائی تھی۔
وکیل سلطان محمد خان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کو صوبائی اسمبلی میں دو نشستیں حاصل ہیں، جس کے بدلے صرف ایک خواتین کی مخصوص نشست دی گئی، حالانکہ انہیں دو خواتین اور ایک اقلیتی نشست بھی ملنی چاہیے تھی۔
اس پر عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ آئندہ سماعت تک مخصوص نشستوں پر کامیاب ارکان سے حلف نہ لیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں