0

عوام کا پٹرولیم قیمتوں میں کمی کا مطالبہ، مہنگائی سے قوتِ خرید متاثر

لاہور (نیا محاذ): حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے نے عوام کو شدید پریشان کر دیا ہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی جائے تاکہ مہنگائی میں کمی آ سکے۔
عوامی رائے کے مطابق پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافے کا براہِ راست اثر روزمرہ اشیائے خور و نوش، بالخصوص سبزیوں اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء پر پڑتا ہے، جس سے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ پہلے ہی مہنگائی کے باعث جینا دوبھر ہے، اور اب ایندھن کی قیمت بڑھنے سے ٹرانسپورٹ، کاروبار اور ضروریاتِ زندگی سب متاثر ہوں گی۔
یاد رہے کہ حکومت نے آئندہ 15 دنوں کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا ہے جس کے تحت پٹرول 8 روپے 36 پیسے فی لٹر مہنگا ہو کر 266 روپے 79 پیسے جبکہ ڈیزل 10 روپے 39 پیسے مہنگا ہو کر 272 روپے 98 پیسے فی لٹر ہو گیا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو متوسط اور غریب طبقے کی زندگی مزید کٹھن ہو جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں