0

حکومت کا عوام پر نیا پٹرول بم، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

اسلام آباد: (نیا محاذ) مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کے لیے حکومت کی جانب سے ایک اور بری خبر آ گئی ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئندہ پندرہ روز کے لیے نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 8 روپے 36 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی نئی قیمت 266 روپے 79 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل اب 272 روپے 98 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے سمری وزارت پٹرولیم کو بھجوائی، جس پر وزیراعظم کی مشاورت کے بعد وزیر خزانہ نے حتمی منظوری دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس اضافے کی بنیادی وجہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور روپے کی قدر میں کمی ہے، جس کا بوجھ ایک بار پھر براہ راست عوام پر ڈال دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں