0

بلوچستان میں مالی سال 26-2025 کا انقلابی آغاز، 50 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز فوری جاری

کوئٹہ (نیا محاذ): بلوچستان حکومت نے نئے مالی سال 2025-26 کے آغاز پر ایک مثالی قدم اٹھاتے ہوئے 50 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز فوری طور پر جاری کر دیے ہیں، جو صوبے کی تاریخ میں ترقیاتی عمل کے بروقت آغاز کی ایک نئی اور خوش آئند روایت ہے۔
حکام کے مطابق محکمہ خزانہ بلوچستان نے مالی سال کے پہلے ہی دن یہ فنڈز جاری کیے، جس سے حکومت کی انتظامی تیاری، فیصلہ سازی کی رفتار اور عوامی فلاح کے جذبے کا اظہار ہوتا ہے۔
بلوچستان حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ان فنڈز سے صحت، تعلیم، توانائی، آبپاشی اور سڑکوں کی تعمیر جیسے اہم شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں پر فوری عملدرآمد کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس بروقت اقدام کو عوامی خدمت کی عملی مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ “اب بلوچستان میں صرف اعلانات نہیں، عمل نظر آئے گا، ہم نے ثابت کر دیا کہ نیت اور ارادہ ہو تو فیصلے دنوں میں نہیں، گھنٹوں میں ہو سکتے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ترقیاتی بجٹ اب صرف کاغذی نہیں، زمینی حقیقت میں بدلنے جا رہا ہے، ہر روپیہ عوامی فلاح میں خرچ ہوگا۔
صوبائی حکومت کے اس فیصلے کو ماہرین تیز رفتار ترقی کی بنیاد قرار دے رہے ہیں جو دیگر صوبوں کے لیے بھی ایک رول ماڈل بن سکتا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس عمل سے نہ صرف عوامی فلاح کے منصوبے تیزی سے مکمل ہوں گے بلکہ اداروں پر اعتماد بھی بڑھے گا اور بلوچستان ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں