0

چین نے پاکستان کا 3.4 ارب ڈالر قرض رول اوور کر دیا، زرمبادلہ ذخائر میں بہتری

کراچی: (نیا محاذ) پاکستان کو معاشی محاذ پر ایک بڑی سہولت ملی ہے، چین نے پاکستان کا 3 ارب 40 کروڑ ڈالر کا قرض رول اوور کر دیا ہے، جس سے ملکی زرمبادلہ ذخائر میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔
عالمی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق چین نے وہ 2 ارب 10 کروڑ ڈالر بھی ری شیڈول کر دیے ہیں جو گزشتہ تین سال سے پاکستان کے پاس موجود تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ چین نے دو ماہ قبل پاکستان کی جانب سے واپس کیے گئے 1.3 ارب ڈالر کے کمرشل قرضے بھی دوبارہ ری فنانس کر دیے ہیں۔
اس مالی مدد کے علاوہ پاکستان نے مشرق وسطیٰ کے کمرشل بینکوں سے بھی ایک ارب ڈالر حاصل کیے ہیں، جبکہ 50 کروڑ ڈالر دیگر بین الاقوامی مالیاتی ذرائع سے بھی موصول ہو چکے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ان تمام اقدامات سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر 14 ارب ڈالر کی سطح کو عبور کر جائیں گے، جو کہ آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت رواں مالی سال کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پیشرفت نہ صرف معیشت کے استحکام کی علامت ہے بلکہ آئندہ بین الاقوامی مالی معاہدوں کے لیے پاکستان کی ساکھ کو بھی مضبوط کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں