لاہور (نیا محاذ) – لاہور کے تاریخی علاقے اکبری گیٹ کے محلہ نعمت گراں میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں دو بھائیوں کے درمیان جھگڑا چھڑوانے کی کوشش میں 85 سالہ دادا محمد ریاض گولی کا نشانہ بن کر جاں بحق ہو گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق گلمان خان اور نعمان نامی دو بھائیوں کے درمیان کسی گھریلو تنازعے پر تکرار ہو رہی تھی۔ بزرگ محمد ریاض، جو دونوں کا دادا تھا، جھگڑا ختم کروانے کے لیے بیچ بچاؤ کی کوشش کر رہا تھا کہ اچانک فائرنگ کا واقعہ پیش آ گیا۔
فائرنگ کے نتیجے میں محمد ریاض سمیت تین افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، مگر محمد ریاض راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
واقعے کے بعد دونوں ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
ایس پی سٹی ڈویژن کی ہدایت پر ایس ایچ او اکبری گیٹ ہاشم رضا کو خصوصی ٹاسک سونپا گیا، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے گرفتار شخص کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق دوسرے مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور کیس کی مکمل تفتیش جاری ہے۔
