0

فلم ’سردار جی 3‘ پر بھارتی تنقید: دلجیت دوسانجھ نے ہانیہ عامر کو شامل رکھنے پر خاموشی توڑ دی

لندن (نیا محاذ) – معروف بھارتی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ نے اپنی نئی فلم “سردار جی 3” میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کو شامل رکھنے اور فلم کو بھارت میں ریلیز نہ کرنے کے فیصلے پر خاموشی توڑ دی ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے دلجیت دوسانجھ نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ فروری میں مکمل کی گئی تھی، اس وقت ہندوستان اور پاکستان کے حالات نارمل تھے۔ تاہم بعد ازاں پہلگام واقعہ سمیت کئی ناخوشگوار واقعات پیش آئے جو ان کے قابو سے باہر تھے۔
دلجیت کا کہنا تھا،
“ایسی صورت میں جب شوٹنگ اور ایڈیٹنگ مکمل ہو چکی ہو، تو کسی اداکار کو فلم سے نکالنا ممکن نہیں ہوتا۔ ہم نے تمام صورتحال کو دیکھتے ہوئے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا کہ فلم میں ہانیہ عامر کو برقرار رکھا جائے، مگر فلم کو بھارت میں ریلیز نہ کیا جائے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ پروڈیوسرز اور ٹیم نے اتفاق کیا کہ فلم کو صرف بیرون ملک ریلیز کیا جائے گی، اور وہ اس فیصلے کا احترام کرتے ہیں، چاہے اس سے مالی نقصان ہی کیوں نہ ہو۔
واضح رہے کہ ہانیہ عامر اس فلم کے ذریعے بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنا ڈیبیو کر رہی ہیں۔ فلم میں ان کے ساتھ نیرو باجوا، جیسمین باجوا اور گلشن گروور بھی مرکزی کرداروں میں جلوہ گر ہوں گے۔
فلم “سردار جی 3” کو بھارت کے علاوہ دنیا بھر میں 27 جون کو سینیما گھروں کی زینت بنایا جائے گا.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں