لاہور (نیا محاذ) – پاکستانی فلم انڈسٹری کے بڑے نام ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کی عید الاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی رومانٹک کامیڈی فلم “لو گرو” نے صرف 16 دنوں میں 70 کروڑ روپے کی شاندار کمائی کر کے نیا سنگِ میل عبور کر لیا۔
فلم کو 6 جون کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا تھا، اور ابتدائی تین دنوں میں ہی اس نے 15 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔ اب 16 دن بعد، فلم نے اپنی لاگت سے تین گنا زیادہ کمائی کر کے سپربلاک بسٹر کا درجہ حاصل کر لیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق فلم نے پاکستان کے باکس آفس سے 37 کروڑ روپے کمائے جبکہ بیرونِ ملک سے 33 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔ بیرونِ ممالک میں سب سے زیادہ کمائی برطانیہ سے ہوئی، جہاں فلم نے صرف 9 دن میں 75 ہزار پاؤنڈز کی کمائی کی، اور وہاں موجود بھارتی فلم “ہاؤس فل 5” کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
یاد رہے کہ فلم کی تشہیری مہم کے دوران ہمایوں سعید نے بتایا تھا کہ فلم کی تیاری پر 25 کروڑ روپے لاگت آئی اور انہیں امید تھی کہ فلم 50 کروڑ روپے تک کمائے گی، لیکن فلم کی مقبولیت نے سب اندازے غلط ثابت کر دیے۔
اب فلمی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ “لو گرو” 100 کروڑ روپے کے بزنس ہدف کو بھی باآسانی عبور کر سکتی ہے، جو پاکستانی سینما کے لیے ایک نیا باب ثابت ہوگا۔
