ابوظہبی (نیا محاذ) – بیوی کی ناراضگی دور کرنے اور اُس کی محبت دوبارہ حاصل کرنے کی خواہش میں ایک شوہر کالا جادو کرانے کے چکر میں جیل پہنچ گیا۔ پولیس نے شواہد کی روشنی میں ملزم کو گرفتار کرکے عدالت کے حکم پر 6 ماہ قید کی سزا دلوا دی۔
تفصیلات کے مطابق شوہر نے بیوی کو واپس پانے کے لیے واٹس ایپ پر ایک جادوگرنی سے رابطہ کیا، اسے بیوی کی تصاویر، ویڈیوز اور فون نمبرز فراہم کیے تاکہ وہ بیوی پر جادو کرسکے۔ جادوگرنی نے اس “محبت واپس لانے” کے عمل کے لیے 20 ہزار درہم کا مطالبہ کیا، جس پر شوہر راضی ہو گیا۔ تاہم بعد ازاں جادوگرنی نے مزید 25 ہزار درہم مانگے، جس پر شوہر نے انکار کر دیا تو وہ بیوی کو دھمکی دینے لگی کہ وہ تمام معلومات اور تصاویر اسے بھیج دے گی۔
شوہر نے جادوگرنی کی دھمکیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک اور عاملہ سے رابطہ کیا اور 10 ہزار درہم ادا کیے، مگر کوئی نتیجہ نہ نکلا۔ بعد ازاں اس نے تیسری عورت سے بھی رابطہ کیا، جس نے بغیر کسی پیسے کے مدد کی پیشکش کی۔
ادھر بیوی، جو پہلے ہی خلع کا کیس فائل کر چکی تھی اور دو ماہ قبل گھر چھوڑ چکی تھی، کو ایک عورت کے ذریعے اپنے شوہر کے کالے جادو کرانے کی اطلاع ملی۔ بیوی نے ثبوت جمع کر کے پولیس کو شکایت درج کرائی، جس کے بعد شوہر کو گرفتار کر لیا گیا۔
عدالت نے مقدمے کی سماعت کے بعد شوہر کو مجرم قرار دیتے ہوئے 6 ماہ قید کی سزا سنا دی، جس سے یہ واضح پیغام دیا گیا ہے کہ جذباتی معاملات میں قانون شکنی کرنے والے کو سزا ضرور ملتی ہے۔
