مکہ مکرمہ (نیا محاذ): لبیک اللّٰھم لبیک کی ایمان افروز صداؤں کے ساتھ حج 2025 کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے۔ دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین نے منیٰ میں قیام کیا اور آج 9 ذوالحجہ کو وہ میدان عرفات میں رکن اعظم، وقوف عرفہ کی ادائیگی کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔
اس بار خطبۂ حج کو عالمی سطح پر پہنچانے کے لیے اسے 35 مختلف زبانوں میں ترجمہ کر کے نشر کیا جائے گا تاکہ دنیا بھر کے مسلمان اس اہم پیغام کو براہِ راست سمجھ سکیں۔
وقوف عرفہ کے دوران حجاج خطبہ حج سننے کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے، اور سورج غروب ہونے تک عرفات میں قیام کریں گے۔ غروب آفتاب کے بعد وہ بغیر مغرب کی نماز پڑھے مزدلفہ روانہ ہوں گے، جہاں وہ مغرب اور عشاء کی نمازیں ملا کر ادا کریں گے۔
مزدلفہ میں حجاج کنکریاں چنیں گے، جنہیں وہ شیطان کو مارنے کے لیے استعمال کریں گے۔ یہ رات وہ کھلے آسمان تلے مزدلفہ میں گزاریں گے، اور 10 ذوالحجہ کو رمی جمرات کیلئے روانہ ہوں گے۔ حجاج سب سے پہلے بڑے شیطان کو سات کنکریاں ماریں گے، قربانی کریں گے اور حلق یا قصر کرا کے احرام کھول دیں گے۔
11 ذوالحجہ کو حجاج تینوں شیطانوں (چھوٹے، درمیانے اور بڑے) کو سات سات کنکریاں ماریں گے۔ اس کے بعد وہ طواف زیارت کیلئے خانہ کعبہ جائیں گے اور پھر صفا و مروہ کی سعی ادا کریں گے۔
12 ذوالحجہ کو زوال کے بعد دوبارہ تینوں شیطانوں کو کنکریاں مارنے کا عمل دہرایا جائے گا، اور اگر کوئی حاجی مزید قیام کرے تو 13 ذوالحجہ کو بھی رمی جمرات کے بعد منیٰ سے واپسی کرے گا۔
