کراچی (نیا محاذ) — شہر قائد میں زمین ایک بار پھر لرز اٹھی، قائد آباد، شاہ لطیف اور بھینس کالونی سمیت کئی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکوں نے شہریوں کو خوف میں مبتلا کر دیا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 3.1 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 80 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز ملیر سے 10 کلومیٹر مشرق میں واقع بتایا گیا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ جھٹکے اچانک اور نسبتاً شدید نوعیت کے تھے، جس کے باعث لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ تاہم خوش قسمتی سے کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
یہ امر تشویشناک ہے کہ کراچی میں اتوار سے اب تک 22 بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جا چکے ہیں، جو خطے میں زیرِ زمین سرگرمیوں کی نشاندہی کرتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ان معمولی نوعیت کے جھٹکوں کو نظر انداز نہ کیا جائے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر سے باخبر رہنا چاہیے۔
