0

پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس تنخواہ دار طبقے سے وصول، دیگر شعبے پیچھے

اسلام آباد (نیا محاذ) — ملک میں ٹیکس وصولی سے متعلق حالیہ اعداد و شمار نے ایک اہم حقیقت کو بے نقاب کیا ہے: پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس تنخواہ دار طبقہ ادا کر رہا ہے، جبکہ دیگر شعبے اس دوڑ میں کافی پیچھے ہیں۔
ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 11 مہینوں کے دوران تنخواہ دار افراد کی جانب سے 499 ارب روپے کا ٹیکس قومی خزانے میں جمع کرایا گیا، جو کہ کسی بھی دوسرے معاشی شعبے سے کہیں زیادہ ہے۔
برآمدات کے شعبے سے اسی مدت میں 96 ارب 36 کروڑ روپے جبکہ جائیداد کی فروخت سے 110 ارب 18 کروڑ روپے اور خریداری سے 109 ارب 68 کروڑ روپے کا ٹیکس حاصل ہوا۔
ادھر تجارتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا جائے تو تھوک کاروبار سے 22 ارب 36 کروڑ روپے جبکہ پرچون کاروبار سے 33 ارب 30 کروڑ روپے کا ٹیکس اکٹھا کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق یہ اعداد و شمار اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ باقاعدگی سے تنخواہ لینے والا طبقہ ہی ملکی ٹیکس نظام کا سب سے بڑا بوجھ برداشت کر رہا ہے، جبکہ دیگر اہم شعبے اپنی استعداد کے مطابق حصہ ڈالنے سے قاصر دکھائی دیتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں