0

نوٹ پیڈ کی سادگی اب ماضی کا قصہ؟ مائیکرو سافٹ نے حیران کن تبدیلیاں متعارف کرا دیں

نیا محاذ
کیلیفورنیا: برسوں سے ونڈوز صارفین نوٹ پیڈ کو اس کی سادہ اور آسان نوعیت کے باعث پسند کرتے رہے ہیں، جہاں کسی قسم کی فارمیٹنگ کی جھنجھٹ کے بغیر صرف خیالات قلم بند کیے جا سکتے تھے۔ مگر اب مائیکرو سافٹ اس مقبول ایپ کو ایک نیا روپ دینے جا رہی ہے۔
تازہ اپ ڈیٹ کے تحت مائیکرو سافٹ نے ونڈوز 11 کے “کینری” اور “ڈویلپر” چینلز میں نوٹ پیڈ کے اندر فارمیٹنگ کی سہولت فراہم کر دی ہے، جو کہ نوٹ پیڈ کی تاریخ میں ایک بڑی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔
اس نئی اپ ڈیٹ کے بعد صارفین ٹیکسٹ کو بولڈ، اٹالک یا انڈر لائن کر سکیں گے، ساتھ ہی کلک ایبل لنکس، ہیڈنگز اور لسٹس بھی شامل کی جا سکیں گی۔ نوٹ پیڈ میں اب ایک نیا فارمیٹنگ ٹول بار شامل کیا گیا ہے جو روایتی فائل، ایڈٹ اور ویو آپشنز کے ساتھ نظر آئے گا۔
یہ تبدیلی ان صارفین کے لیے خاصی دلچسپ ہوگی جو سادہ مگر جدید تحریری تجربے کے خواہاں ہیں۔ البتہ جو صارفین نوٹ پیڈ کو صرف ٹیکسٹ لکھنے کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں، ان کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ فارمیٹنگ کے تمام نئے فیچرز کو غیر فعال بھی کیا جا سکتا ہے، یعنی روایتی انداز کو برقرار رکھا جا سکتا ہے۔
مائیکرو سافٹ نے حالیہ مہینوں میں نوٹ پیڈ کو جدید فیچرز سے آراستہ کرنے کا عمل تیز کر دیا ہے۔ اس سے قبل کمپنی نوٹ پیڈ میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مبنی “رائٹ” فیچر بھی متعارف کرا چکی ہے، جو صارف کی ہدایات پر خودکار مواد تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ نیا انداز ظاہر کرتا ہے کہ مائیکرو سافٹ اپنے پرانے سافٹ ویئر کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں