0

عید سے قبل بڑا ریلیف: وزیراعظم کی ہدایت پر ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافہ واپس

اسلام آباد (نیا محاذ) — عید الاضحیٰ سے قبل عوام کو بڑا ریلیف مل گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر داخلہ کو اسلام آباد میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لینے کی ہدایت جاری کر دی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دارالحکومت کے فلاحی منصوبوں اور عوامی سہولتوں کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عید سے پہلے کرایوں میں اضافہ عوامی خوشیوں کو متاثر کر سکتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ فوری طور پر ٹرانسپورٹ کرایوں میں کیا گیا اضافہ واپس لیا جائے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم کی ہدایت پر فوری عمل کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو کرایوں میں اضافے کی واپسی کا نوٹیفکیشن آج رات جاری کرنے کی ہدایت دے دی۔
حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ عید کے موقع پر عوام کو سہولت فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں