کوئٹہ (نیا محاذ) مغربی بائی پاس کے علاقے میں ایک گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکہ بروری روڈ کے آخری سٹاپ پر ہوا۔ زخمیوں میں ایک شخص گاڑی کے اندر موجود تھا، جبکہ تین راہگیر بھی زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش اور تمام زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ فی الوقت یہ واضح نہیں ہو سکا کہ دھماکہ خیز مواد گاڑی کے اندر نصب تھا یا باہر، اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کرنا شروع کر دیے ہیں، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے واقعے کے بعد علاقے میں سخت نگرانی شروع کر دی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد علاقے میں افراتفری مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا۔
