0

پی پی 52 ضمنی انتخاب: حنا ارشد وڑائچ کی شاندار کامیابی، ن لیگ کا جشن — نیا محاذ

سیالکوٹ (نیا محاذ) حلقہ پی پی 52 سمبڑیال کے ضمنی انتخاب 2025 میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار حنا ارشد وڑائچ نے شاندار کامیابی حاصل کر کے میدان مار لیا۔ ریٹرننگ افسر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق حنا ارشد وڑائچ نے 78 ہزار 702 ووٹ حاصل کیے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حمایت یافتہ امیدوار فاخر نشاط گھمن 39 ہزار 18 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار راحیل کامران چیمہ 6 ہزار 832 ووٹ کے ساتھ تیسرے اور تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار محمد شفاقت 4 ہزار 851 ووٹ حاصل کر سکے۔
یہ نشست مرحوم مسلم لیگی رہنما چوہدری ارشد وڑائچ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ ان کی صاحبزادی حنا ارشد وڑائچ نے جیت کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور اپنے مرحوم والد کے نام کیا۔ کامیابی پر حنا وڑائچ کی رہائش گاہ پر کارکنوں نے بھرپور جشن منایا، بھنگڑے ڈالے گئے اور آتشبازی کی گئی۔
دوسری جانب، پی ٹی آئی امیدوار فاخر نشاط گھمن نے الیکشن میں دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے نتائج تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولنگ مکمل ہونے سے قبل ہی فارم 45 تیار کر لیے گئے تھے اور اس بار “طریقہ واردات” تبدیل کیا گیا۔ انہوں نے قیادت سے مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کا عندیہ دیا۔
الیکشن کمیشن نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ اگر کسی کے پاس ثبوت موجود ہیں تو وہ پیش کیے جائیں، تاکہ قانونی کارروائی کی جا سکے۔ کمیشن نے پیپلز پارٹی کی جانب سے لگائے گئے پولنگ سٹیشنز بند کرنے کے دعوے کو بھی جھوٹ پر مبنی قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں