کراچی (نیا محاذ ) پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے کاروباری ہفتے کے آغاز پر نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے ہنڈرڈ انڈیکس میں زبردست تیزی دیکھی، جس کے نتیجے میں انڈیکس پہلی بار 1,20,000 پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔
پیر کے روز کاروبار کے آغاز سے ہی مارکیٹ میں بھرپور سرمایہ کاری دیکھی گئی، اور 800 سے زائد پوائنٹس کے نمایاں اضافے کے ساتھ KSE-100 انڈیکس بڑھ کر 1,20,590 پوائنٹس کی نئی سطح پر پہنچ گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتامی روز انڈیکس 719 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 1,19,691 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ مسلسل مثبت رجحان اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے نے مارکیٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔
انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں بھی کمی
دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں 22 پیسے کی کمی واقع ہوئی، جس کے بعد ڈالر 282.02 روپے سے کم ہو کر 281.80 روپے پر آ گیا ہے۔ روپے کی قدر میں بہتری ملکی معیشت کے لیے مثبت اشارہ قرار دی جا رہی ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ کی یہ غیر معمولی کارکردگی بجٹ کی تیاری، مہنگائی میں کمی اور بیرونی سرمایہ کاری کی توقعات کی بنیاد پر سامنے آ رہی ہے۔
