0

نیویارک میں سفارتی مشن: بھارتی جارحیت بے نقاب کرنے کے لیے پاکستانی وفد متحرک

نیویارک (نیا محاذ) بھارت کے ناپاک عزائم کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کے لیے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد آج نیویارک میں اہم سفارتی ملاقاتیں کرے گا۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 5 مستقل اور 9 غیر مستقل ارکان کے سفیروں سے ملاقات کرے گا اور انہیں بھارتی جارحیت اور اشتعال انگیزی پر بریفنگ دی جائے گی۔
اس اہم وفد میں بلاول بھٹو کے ہمراہ شیری رحمان، حنا ربانی کھر، جلیل عباس جیلانی اور مصدق ملک شامل ہیں۔ یہ ٹیم اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، جنرل اسمبلی کے صدر اور سلامتی کونسل کے نمائندوں سے بھی ملاقات کرے گی تاکہ انہیں بھارت کی جانب سے کیے گئے حالیہ اقدامات پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا جا سکے۔
پاکستانی سفارتی مشن اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کو بھی بھارتی اشتعال انگیزی سے متعلق تفصیلات فراہم کرے گا تاکہ مسلم دنیا کو اس معاملے پر متحرک کیا جا سکے۔
اس سلسلے میں بلاول بھٹو زرداری 5 جون کو امریکی تھنک ٹینک “مڈل ایسٹ انسٹیٹیوٹ” میں منعقد ہونے والی ایک اہم کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے اور خطاب کریں گے، جس میں وہ پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے اور خطے کی سلامتی کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں