0

نائیجیریا میں 60 سال کی بدترین تباہی، سیلاب سے 200 سے زائد ہلاکتیں، 500 افراد لاپتہ | نیا محاذ

ابوجا (نیا محاذ / ویب ڈیسک) نائیجیریا کے وسطی علاقے موکوا میں شدید بارشوں کے بعد آنے والا تباہ کن سیلاب 60 سال کی تاریخ کا بدترین سیلاب قرار دیا جا رہا ہے، جس میں 200 سے زائد افراد جاں بحق اور 500 سے زائد افراد لاپتہ ہو چکے ہیں۔
سیلاب سے سینکڑوں مکانات اور دو بڑے پل بہہ گئے، جبکہ 3000 سے زائد افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں لوگ ملبے میں اپنے پیاروں کی تلاش کرتے دکھائی دیے اور کئی مقامات پر سیلابی پانی تاحال موجود ہے، جس سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔
امدادی کارروائیاں جاری
نائیجر اسٹیٹ ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، جہاں امدادی کارکن لاپتہ افراد اور نعشوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مٹی اور ملبے کو ہٹانے میں کئی دن لگ سکتے ہیں، اور حالات قابو میں لانے کے لیے اضافی وسائل درکار ہیں۔
بے گھر افراد کھلے آسمان تلے
سیلاب سے بے گھر ہونے والے ہزاروں افراد کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، جبکہ پینے کے پانی، خوراک اور طبی سہولیات کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔
متاثرین کی پکار
متاثرہ رہائشیوں نے بین الاقوامی اداروں اور حکومت سے فوری مدد کی اپیل کی ہے تاکہ ان کے لیے عارضی رہائش اور بنیادی ضروریات زندگی فراہم کی جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں