لندن (نیا محاذ) مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف لندن میں ایون فیلڈ پہنچ گئے جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن جیتنے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں اور عوام کا اعتماد مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی کا ثبوت ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ لوگ صرف باتوں پر نہیں بلکہ کام پر ووٹ دیتے ہیں، اور مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ملک کی خدمت کو ترجیح دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو ایٹمی قوت بنانے کا فیصلہ ہو یا جے ایف-17 تھنڈر طیاروں کی تیاری، ان سب میں ن لیگ کا کلیدی کردار رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کو میزائل ٹیکنالوجی فراہم کی، دفاع کو مضبوط بنایا، اور ہمارے دور میں روپے کی قدر مستحکم رہی جبکہ شرح نمو 7 فیصد کے قریب پہنچ چکی تھی۔ ان کے مطابق پچھلی حکومت نے معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا تھا مگر اب حالات بہتری کی طرف گامزن ہیں۔
سابق وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ ملک کی معیشت دوبارہ مستحکم ہو رہی ہے، اور مسلم لیگ ن بتدریج عوام کو مسائل سے نکال رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “ہر چیز استحکام کی طرف واپس آ رہی ہے”۔
نواز شریف خصوصی طیارے کے ذریعے لوٹن ایئرپورٹ پہنچے جہاں ان کے صاحبزادے حسن نواز اور ذاتی معالج بھی ان کے ہمراہ تھے۔ لندن میں قیام کے دوران وہ مکمل طبی معائنہ بھی کروائیں گے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق نواز شریف عیدالاضحیٰ بھی لندن میں ہی منائیں گے۔
