0

9 مئی کیس: پی ٹی آئی ایم این اے عبد الطیف سمیت 7 مجرمان کی گرفتاری کا حکم

اسلام آباد (نیا محاذ) 9 مئی کے اہم مقدمے میں اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عبدالطیف سمیت 7 مجرمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت کے اس فیصلے کو مقدمے میں بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے حکم جاری کیا کہ جن 11 افراد کو سزا سنائی گئی تھی، ان میں سے 4 کو کمرہ عدالت سے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ باقی 7 مجرمان تاحال مفرور ہیں۔ عدالت نے ان تمام سات افراد کے گرفتاری وارنٹس تھانہ رمنا کے ایس ایچ او کے حوالے کرتے ہوئے حکم دیا کہ انہیں فوری طور پر گرفتار کر کے جیل حکام کے سپرد کیا جائے۔
سانحہ 9 مئی کے 11 مقدمات کی سماعت پھر بغیر کارروائی ملتوی
ادھر انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ 9 مئی سے متعلق 11 مقدمات کی سماعت ایک بار پھر بغیر کسی عدالتی کارروائی کے ملتوی کر دی گئی۔ جج امجد علی شاہ کی عدالت میں ہونے والی سماعت میں پراسیکیوٹر ظہیر علی شاہ، وکلائے صفائی اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید پیش ہوئے، جبکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل روبکار پر حاضری لگائی گئی۔
پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ جن ملزمان کو چالان کی نقول فراہم نہیں کی گئیں، انہیں اب نقول دی جا رہی ہیں۔ اس پر عدالت نے کارروائی مؤخر کرتے ہوئے تمام مقدمات کی سماعت 14 جون تک ملتوی کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں