اسلام آباد (نیا محاذ) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے عمل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں اب تک چار کمپنیوں نے اس قومی ایئرلائن کو خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
باوثوق ذرائع کے مطابق سیکرٹری نجکاری کمیشن عثمان باجوہ نے بتایا کہ 19 جون تک پانچ سے چھ کمپنیاں پی آئی اے کی خریداری کے لیے اظہارِ دلچسپی کی درخواست جمع کرا سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی نجکاری رواں سال کے دوران مکمل کر لی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے فاروق ستار کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاس کے دوران کیا۔ نجکاری کمیشن کے حکام کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی حالات کے باعث اظہارِ دلچسپی کی تاریخ میں توسیع کی گئی تھی۔
سیکرٹری پی آئی اے نے بتایا کہ خریداری کے لیے کچھ سابقہ کمپنیاں بھی دوبارہ میدان میں آ گئی ہیں جبکہ مقامی کمپنیوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی کمپنیوں نے بھی کنسورشیم بنانے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ جون کے مہینے میں حیسکو اور پیسکو جیسے بجلی کی تقسیم کار اداروں کی نجکاری کے لیے فنانشل ایڈوائزرز کی تقرری کی جائے گی۔
تاہم اجلاس میں اختلاف رائے بھی سامنے آیا، جہاں ممبر کمیٹی ذوالفقار علی نے سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا:
“ہم کسی صورت پیسکو کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے، چاہے پورا ملک بیچ دیں مگر پیسکو نہیں۔”
حکام کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری وزارت توانائی اور عالمی ماہرین کی مشاورت سے کی جائے گی تاکہ عمل شفاف اور مؤثر ہو۔
