لاہور (نیا محاذ) عیدالاضحیٰ کے موقع پر امن و امان، صفائی ستھرائی اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ یہ پابندیاں 5 جون سے 11 جون تک نافذ العمل رہیں گی۔
محکمہ داخلہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق عید کے دوران عوامی مقامات پر قربانی کے جانوروں کے سری پائے جلانے پر مکمل پابندی ہو گی۔ اسی طرح نہروں، جھیلوں، دریاؤں اور ڈیمز میں تیراکی، نہانے اور کشتی رانی کی بھی اجازت نہیں ہو گی۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت صرف منظور شدہ مویشی منڈیوں تک محدود ہوگی۔ کسی بھی غیر مجاز مقام پر جانور فروخت کرنا یا خریداروں کو راغب کرنا قانون کی خلاف ورزی تصور ہو گا۔
دفعہ 144 کے تحت جانوروں کی اوجھڑی، فضلہ یا آلائشیں نالیوں، مین ہولز یا نہروں میں پھینکنے پر بھی مکمل پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ صفائی کے نظام کو بہتر اور ماحول کو محفوظ بنایا جا سکے۔
اس کے علاوہ اسلحہ اور گولہ بارود کی نمائش پر بھی سختی سے پابندی ہوگی، جبکہ کسی بھی کالعدم تنظیم کو قربانی کی کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ صرف پنجاب چیریٹی کمیشن سے باقاعدہ رجسٹرڈ ادارے ہی کھالیں اکٹھی کر سکیں گے۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات شہریوں کی حفاظت، پرامن ماحول اور صحت عامہ کے تحفظ کے لیے کیے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ان احکامات پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
