لاہور (نیا محاذ) قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 57 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی۔
پاکستان کی جانب سے دیے گئے 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی ٹیم 19 ویں اوور میں صرف 144 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ مہمان ٹیم کی جانب سے تنظیم حسن ثاقب 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جب کہ تنزید حسن نے 33 اور مہدی حسن میراز نے 23 رنز بنائے۔ دیگر کھلاڑی پاکستانی بولرز کے سامنے بے بس نظر آئے اور ڈبل فیگر تک بھی نہ پہنچ سکے۔
پاکستان کے بولرز نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ابرار احمد نے تین کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جبکہ حسن علی، فہیم اشرف، حارث رؤف، شاداب خان، خوشدل شاہ اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز کا بڑا ہدف سیٹ کیا۔ قومی ٹیم کے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے شاندار 71 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ آل راؤنڈر محمد نواز نے 51 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کے مجموعے کو مضبوط بنایا۔
اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے کیا، تاہم صائم صرف 4 رنز بنا کر جلد پویلین لوٹ گئے۔ محمد حارث نے 41، کپتان سلمان علی آغا نے 19، شاداب خان نے 7 اور فہیم اشرف نے صرف ایک رن اسکور کیا۔
بنگلادیش کی جانب سے حسن محمود اور تنظیم حسن نے دو، دو وکٹیں جبکہ راشد حسین نے ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ پہلے ٹی 20 میچ میں بھی پاکستان نے بنگلادیش کو 37 رنز سے شکست دی تھی، اور اب دوسرے میچ میں فتح کے ساتھ پاکستان نے سیریز اپنے نام کر لی ہے۔
