اسلام آباد (نیا محاذ) پاکستان کرپٹو کونسل نے ڈیجیٹل کرنسی کو ریگولیٹ کرنے اور اس کے ضوابط طے کرنے کے لیے 2 جون کو اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، جس کی صدارت وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں کرپٹو اور ڈیجیٹل اثاثوں کے لیے قانونی فریم ورک پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈیجیٹل کرنسی کے حوالے سے قومی حکمت عملی اور قواعد و ضوابط تیار کرنے پر بھی تبادلہ خیال ہوگا، جبکہ عالمی معیارات اور جدید ٹیکنالوجی کے تقاضوں کو مدنظر رکھا جائے گا۔
اجلاس کا ایک اہم ایجنڈا پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام سے متعلق مشاورت بھی ہوگا۔ یہ اتھارٹی مستقبل میں کرپٹو کرنسی اور ڈیجیٹل فنانس کی نگرانی کے لیے بطور ریگولیٹر کام کرے گی۔
وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس کا بنیادی مقصد محفوظ، شفاف اور اختراعی ڈیجیٹل مالیاتی نظام کو فروغ دینا ہے۔ اجلاس میں خصوصی معاون بلال بن ثاقب بطور سی ای او پی سی سی شرکت کریں گے، جبکہ گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین ایس ای سی پی، سیکرٹری قانون و انصاف اور سیکرٹری وزارتِ آئی ٹی بھی اجلاس کا حصہ ہوں گے۔
یہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان میں کرپٹو کرنسی سے متعلق پالیسیاں تیزی سے عالمی مالیاتی اداروں اور مقامی اسٹیک ہولڈرز کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔
