0

پاکستان اور بھارت سے تجارت پر بات چیت جاری ہے، جنگ نہیں چاہتے: امریکی صدر ٹرمپ

واشنگٹن (نیا محاذ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ تجارت پر بات چیت جاری ہے اور امریکا دونوں ممالک کے درمیان امن کو ترجیح دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ ممالک ایک دوسرے پر گولیاں چلائیں گے تو امریکا ان سے تجارت نہیں کرے گا۔
واشنگٹن میں معروف بزنس مین اور ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بتایا کہ پاکستانی حکومتی نمائندے آئندہ ہفتے امریکا کا دورہ کریں گے تاکہ دو طرفہ تجارتی محصولات (ٹیرف) پر مذاکرات کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا بھارت کے ساتھ تجارتی معاہدے کے قریب ہے جبکہ پاکستان کے ساتھ بھی مثبت بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ “ہم نے ایٹمی جنگ کو تجارت کے بدلے روکنے میں کامیابی حاصل کی، ہمیں فخر ہے کہ ہم نے جنگ بندی کی جانب پیش قدمی کی۔”
صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکا ان ممالک کے ساتھ تجارت نہیں کرے گا جو جنگ کی راہ اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ “اگر پاکستان اور بھارت جنگ کرتے ہیں تو میرے پاس ان کے لیے کچھ نہیں ہوگا۔”
اسرائیل اور غزہ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے امکانات روشن ہیں اور جلد اس حوالے سے اہم خبر سامنے آ سکتی ہے۔ امریکی حکام 60 روزہ جنگ بندی تجویز پر حماس کے جواب کے منتظر ہیں۔
صدر ٹرمپ نے چین کے حوالے سے بھی کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ سے تجارت اور ٹیرف پر بات ہو رہی ہے، امید ہے امریکا اور چین کے درمیان اختلافات جلد ختم ہو جائیں گے۔ انہوں نے ٹیرف پر عدالتی جنگ جیتنے کے عزم کا اظہار کیا۔
غیر ملکی طلبہ سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ امریکا فی الحال غیر ملکی طلبہ کو ملک سے نکالنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا، چاہتا ہوں کہ وہ یہاں تعلیم حاصل کریں، چاہے ہارورڈ یونیورسٹی سے اختلاف ہی کیوں نہ ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں