اسلام آباد (نیا محاذ) پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تجارتی ٹیرف پر باضابطہ مذاکرات کا آغاز ہو گیا ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی تجارتی نمائندے ایمبیسیڈر جیمیسن گریئر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اہم امور پر گفتگو کی۔
وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق دونوں فریقین نے خوشگوار اور تعمیری ماحول میں باہمی مؤقف کا تبادلہ کیا اور آئندہ چند ہفتوں میں تکنیکی سطح پر تفصیلی مذاکرات پر اتفاق کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان اور امریکا دونوں نے مذاکرات کو جلد از جلد کامیابی سے مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے، تاکہ تجارتی روابط کو مزید وسعت دی جا سکے۔
ٹرمپ کی بھی تصدیق
اس پیشرفت کی تصدیق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستانی حکومتی نمائندے آئندہ ہفتے امریکا کا دورہ کریں گے تاکہ دو طرفہ ٹیرف پر باقاعدہ مذاکرات کیے جا سکیں۔
واشنگٹن میں ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ “ہم نے پاکستان اور بھارت کے ساتھ تجارت پر بات کی ہے اور واضح کر دیا ہے کہ جو ممالک ایک دوسرے پر گولیاں چلائیں گے، ان سے تجارت ممکن نہیں ہوگی۔”
انہوں نے کہا کہ “ہم پاکستان اور بھارت کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں، ہمیں فخر ہے کہ ہم ایٹمی جنگ کو تجارت کے ذریعے روکنے میں کامیاب ہوئے۔ عام طور پر ان علاقوں میں گولیاں چلتی ہیں، مگر اس بار ہم نے تجارتی راہ اپنائی ہے۔”
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا اسرائیل اور حماس کے درمیان 60 دن کی جنگ بندی کے حوالے سے جلد پیش رفت کی امید کر رہا ہے جبکہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معاہدہ بھی قریب ہے۔
