اسلام آباد (نیا محاذ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیض آباد انٹرچینج کا دورہ کرتے ہوئے ٹریفک کی روانی اور عمومی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو فوری اور مؤثر ٹریفک مینجمنٹ پلان تیار کرنے کی ہدایت جاری کی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ فیض آباد انٹرچینج راولپنڈی کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے جوڑنے والا مرکزی داخلی راستہ ہے، اس لیے ضروری ہے کہ یہ مقام اتنا خوبصورت اور منظم ہو کہ شہریوں کو اسلام آباد میں داخل ہوتے ہی ایک منفرد اور خوشگوار احساس ہو۔
محسن نقوی نے ہدایت دی کہ فیض آباد انٹرچینج کو دیدہ زیب اور دلکش شاہکار میں تبدیل کیا جائے، جبکہ اس کے اردگرد کے علاقے کو بھی خوبصورت لینڈسکیپنگ کے ذریعے پرکشش گراؤنڈز میں تبدیل کیا جائے تاکہ یہاں کا منظر شہریوں اور سیاحوں دونوں کے لیے خوش آئند ہو۔
انہوں نے انٹرچینج کے چاروں اطراف جدید اور خوبصورت روشنیوں کی تنصیب، ٹریفک کی روانی میں بہتری اور انٹرچینج کو مزید کشادہ کرنے کے اقدامات پر بھی زور دیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کا یہ انٹری پوائنٹ نہ صرف ٹریفک کے لیے بلکہ شہر کی خوبصورتی کے اعتبار سے بھی ایک علامتی مقام ہے، جسے بہتر بنا کر دارالحکومت کے مثبت تاثر کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔
