0

غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری، مزید 30 فلسطینی شہید، حماس کی مسلم دنیا سے امداد کی اپیل

غزہ (نیا محاذ) اسرائیلی فورسز کی غزہ پر بمباری اور وحشیانہ حملے تھم نہ سکے۔ تازہ کارروائیوں میں مزید 30 بے گناہ فلسطینی شہید ہو گئے، جس کے بعد شہداء کی مجموعی تعداد 54 ہزار 321 تک جا پہنچی ہے۔
طبی ذرائع کے مطابق مسلسل حملوں اور بمباری میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 1 لاکھ 23 ہزار 770 ہو چکی ہے، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ اسپتالوں میں ادویات کی کمی اور سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث زخمیوں کی حالت مزید تشویشناک ہو رہی ہے۔
حماس نے جاری انسانی بحران پر عالمی برادری کو خبردار کرتے ہوئے عرب اور مسلم ممالک سے ہنگامی امدادی قافلے غزہ بھیجنے کی اپیل کی ہے۔ ترجمان حماس کا کہنا ہے کہ غزہ میں انسانی بحران بدترین مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور شہری فاقوں اور بمباری کے دہری عذاب میں مبتلا ہیں۔
اقوام متحدہ نے بھی اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں کہا ہے کہ غزہ میں بھوک اور غذائی قلت کا بحران اب ہمارے تصور سے بھی زیادہ شدید ہو چکا ہے۔ ہر پانچ میں سے ایک فلسطینی شخص قحط کا شکار ہے، جبکہ اسرائیل نے اب تک انسانی امداد کی راہ میں رکاوٹیں قائم کر رکھی ہیں۔
غزہ میں جاری بحران پر عالمی برادری کی خاموشی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے، جبکہ مظلوم فلسطینی عالمی ضمیر کی بیداری کے منتظر ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں