0

عمران خان کی عید سے قبل رہائی کی خبریں بے بنیاد ہیں: وکیل نعیم پنجوتھا

راولپنڈی (نیا محاذ) پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھا نے واضح کیا ہے کہ عید سے قبل عمران خان کی رہائی کی تمام خبریں جھوٹ پر مبنی ہیں، اور ان کی رہائی کے لیے نہ کوئی ڈیل ہو رہی ہے اور نہ ہی کوئی رعایت دی جا رہی ہے۔
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی کے واقعات سے متعلق کیسز کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم پنجوتھا نے کہا کہ تین سال قبل بانی پی ٹی آئی کو پیشکش کی گئی تھی کہ اگر وہ تین سال خاموش رہیں تو سب معاملات درست کر دیے جائیں گے، تاہم عمران خان نے دوٹوک جواب دیا کہ وہ تین منٹ کے لیے بھی خاموش نہیں رہیں گے۔
معافی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا
نعیم پنجوتھا کے مطابق عمران خان سے جیل میں کہا گیا کہ اگر وہ 9 مئی پر معافی مانگ لیں تو سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا، جس پر بانی پی ٹی آئی نے دوٹوک جواب دیا کہ جو واقعہ کرائے، معافی بھی وہی مانگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے 9 مئی کے ذمہ داران کے خلاف سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے، نہ کہ خود معافی مانگی ہے۔
مقدمات میں جانبداری کا الزام
نعیم پنجوتھا کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے 52 ارکانِ اسمبلی کے خلاف سازش کے تحت مقدمات بنائے گئے ہیں، اور انہیں بغیر شواہد اور مکمل دلائل دیے سزا دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انصاف فراہم نہیں کیا گیا تو اس کی ذمہ داری عدلیہ پر عائد ہوگی۔
ترامیم اور دھمکیوں کا تذکرہ
وکیل نے دعویٰ کیا کہ 26ویں آئینی ترمیم کا مقصد فراڈ انتخابات کو تحفظ دینا اور پی ٹی آئی کو سزا دینا تھا، اب 27ویں ترمیم کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، مگر ان سب کے باوجود پارٹی کے مؤقف میں کوئی لچک نہیں آئے گی۔
9 مئی کے مقدمات ایک بار پھر ملتوی
قبل ازیں 9 مئی کے سانحے سے متعلق 11 مقدمات کی سماعت بغیر کسی عدالتی کارروائی کے 14 جون تک ملتوی کر دی گئی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے سماعت کی، جس میں پراسیکیوٹر ظہیر علی شاہ، وکلاء صفائی اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ عمران خان کی جیل روبکار پر حاضری لگائی گئی۔
پراسیکیوشن کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ چالان کی نقول فراہم کی جا رہی ہیں، جس پر عدالت نے سماعت ملتوی کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں