0

پاک روس شراکت داری میں بڑی پیش رفت، بھارت کو سفارتی سطح پر دھچکا

اسلام آباد (نیا محاذ) پاکستان اور روس کے درمیان اسٹریٹیجک شراکت داری میں اہم پیش رفت سے بھارت کو بین الاقوامی سفارتی محاذ پر ایک اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ عرب اور بین الاقوامی میڈیا کے مطابق روس نے پاکستان کی بہتر ہوتی ہوئی معاشی صورتحال اور سفارتی پالیسیوں سے متاثر ہو کر پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے۔
دو طرفہ تجارت اور سستا تیل، تعلقات کی نئی بنیاد
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور روس کے درمیان ایک ارب ڈالر کی دو طرفہ تجارت کا معاہدہ طے پا گیا ہے، جب کہ سستے روسی تیل کی درآمد کا سلسلہ بھی کامیابی سے جاری ہے۔ یہ پیشرفت نہ صرف پاکستان کی توانائی ضروریات کے لیے اہم ہے بلکہ اس سے ملکی معیشت کو بھی بڑا فائدہ پہنچے گا۔
بارٹر ٹریڈ نظام پر غور
معروف بین الاقوامی جریدے دی ڈپلومیٹ کے مطابق روس، وسطی ایشیائی روابط میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان “بارٹر ٹریڈ” کا نیا نظام زیر غور ہے جس کے تحت پاکستان، روس سے تیل اور گیس رعایتی نرخوں پر حاصل کر سکے گا، جبکہ دیگر اشیاء کے بدلے میں لین دین کی سہولت بھی ممکن ہو گی۔
پاکستان اسٹیل ملز پر نئی سرمایہ کاری
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹیل ملز کے 700 ایکڑ رقبے پر جدید روسی ٹیکنالوجی سے نیا پلانٹ تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اس پلانٹ سے نہ صرف خام تیل کی ترسیل کے اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ پاکستان کی اسٹیل مصنوعات کی درآمدات میں 30 فیصد تک کمی اور 2.6 ارب ڈالر کی بچت متوقع ہے۔
بھارت کی ناکام کوششیں اور پاکستان کی سفارتی کامیابیاں
دوسری جانب بھارت پاک روس تعلقات کو سبوتاژ کرنے کے لیے مسلسل پراپیگنڈا کرتا رہا ہے، تاہم روس اور چین جیسے اہم ممالک کی پاکستان پر بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری پاکستان کی کامیاب خارجہ پالیسیوں کا واضح ثبوت ہے۔ عالمی سطح پر پاکستان کی خودمختار اور متوازن خارجہ حکمت عملی اسے خطے میں ایک اہم طاقت بنا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں