واشنگٹن (نیا محاذ) وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجارتی پالیسیوں کے خلاف تجارتی عدالت کا حالیہ فیصلہ اختیارات سے تجاوز کی مثال ہے۔
پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے زور دیا کہ امریکی سپریم کورٹ کو محصولات کے معاملے میں صدر ٹرمپ کے حق میں فیصلہ دینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ امریکی معیشت کے تحفظ کے لیے سخت فیصلے لینے میں حق بجانب ہے۔
دوسری جانب اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ بندی کوششوں کے حوالے سے ترجمان نے بتایا کہ اسرائیل نے غزہ میں جنگ بندی سے متعلق تجویز پر دستخط کر دیے ہیں، تاہم تاحال حماس کی جانب سے کوئی باضابطہ جواب موصول نہیں ہوا۔
ترجمان وائٹ ہاؤس نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ پرامید ہیں کہ روس اور یوکرین آئندہ ہفتے امن مذاکرات کے لیے ملاقات کریں گے، جو خطے میں استحکام کے لیے نہایت اہم ثابت ہو سکتی ہے۔
ایلون مسک کے استعفے سے متعلق ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ ٹرمپ کابینہ حکومت کے مختلف شعبوں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گی اور حکومتی پالیسیوں کے تسلسل کو یقینی بنایا جائے گا۔
